ہِیک کے بغیر مزیدار کلیجی بنانے کا طریقہ

یاد رکھیں کلیجی میں نمک ہمیشہ پکنے کے بعد شامل کریں، شروع میں ڈالنے سے کلیجی سخت ہوجائے گی

ویب ڈیسک: عیدالاضحیٰ کے دن کلیجی کا نہ ہونا دسترخوان پر کھانوں کے نامکمل ہونے کا احساس دلاتا ہے لیکن مزیدار اور ہینک کے بغیر کلیجی بنانا بھی ایک مہارت ہے جس پر سب پورا نہیں اترتے۔

کچھ افراد کلیجی سخت ہوجانے یا اس میں سے ہِیک آنے کی شکایت کرتے ہیں لیکن آج ہم آپ کو بغیر بو کے مزے دار نرم کلیجی بنانے کا طریقہ بتائیں گے۔

فرائی کلیجی:

ہِیک یا ناگوار بو سے بچنے کیلئے کلیجی دھونے کا طریقہ

ایک کپ پانی میں 2 کھانے کے چمچ سرکہ ڈال کر 10 منٹ کیلئے کلیجی اس میں بھگو دیں، اس کے بعد پانی سے اسے اچھی طرح دھو کر چھلنی میں ڈال دیں تاکہ پانی نکل جائے۔

بنانے کا طریقہ

کڑھائی میں اچھا خاصا تیل ڈال کر کلیجی فرائی کرلیں، بوٹیاں سرخ ہوجائیں تو تیل سے نکال لیں پھر اس میں باریک کٹی ہوئی پیاز، باریک کٹے ٹماٹر، ہری مرچیں، ایک چمچ چاٹ مصالحہ اور لیموں کا رس ڈال کر لطف اٹھائیں۔

مصالحہ کلیجی:

ہِیک سے بچنے کیلئے کلیجی دھونے کا طریقہ

2 چمچ لہسن کا پیسٹ کلیجی کی بوٹیوں پر لگائیں اور 10 منٹ کیلئے چھوڑ دیں۔

10 منٹ بعد اسے پانی سے اچھی طرح دھو لیں۔

پکانے کا طریقہ

ایک کپ دہی میں آدھا چمچ لال پسی مرچیں، ایک چوتھائی کٹی مرچیں، تھوڑی سی ہلدی، ایک چمچ ثابت دھنیا، ایک چمچ کٹا زیرا ملا کر بوٹیوں کو آدھے گھنٹے کیلئے میرینیٹ کرکے رکھ دیں۔

کڑھائی میں آئل ڈال کر 4 ثابت کالی مرچیں، 2 لونگیں اور 2 بڑی الائچی (بدبو ختم کرنے کیلئے) ڈال دیں، پھر کدوکش کی ہوئی ایک پیاز شامل کریں۔فائل فوٹوپیاز ہلکی سی براؤن ہوجائے تو اس میں ایک سرخ ٹماٹر کاٹ کر ڈالیں، ٹماٹر گل جائے تو اس میں دہی میں میرینیٹ کی گئی کلیجی شامل کریں اور اس کو اچھی طرح بھون لیں، دہی کے پانی میں ہی کلیجی گل جائے گی۔

کلیجی آئل چھوڑ دے تو اس میں نمک شامل کریں، 2 سے 3 منٹ پکانے کے بعد چولہا بند کردیں اور اوپر سے ہرا دھنیا، ہری مرچ اور ادرک کاٹ کر ڈال دیں۔

(یاد رکھیں کلیجی میں نمک ہمیشہ پکنے کے بعد شامل کریں، شروع میں ڈالنے سے کلیجی سخت ہوجائے گی)۔

لیجیے ملائی جیسی بغیر ہِیک کے کلیجی تیار ہے۔

مزید خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button