سندہ حکومت نے کل سے اسکول کھولنے کا اعلان کردیا

تمام کلاسوں میں حاضری کی شرح 50٪ ہوگی جب کہ اسکولز کے تمام عملے کی ویکسی نیشن ہونا لازمی ہوگا: سعید غنی

کراچی: سندھ حکومت نے کل سے چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسز کھولنے کا اعلان کردیا۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے ٹویٹر پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس کی منظوری کے بعد سندھ بھر میں چھٹی سے آٹھویں تک تعلیمی عمل 15 جون (کل) سے شروع کیا جائے گا۔

جبکہ صورتحال کی بہتری پر 21 جون سے پہلی سے پانچویں کلاس تک تعلیمی عمل شروع کیا جائے گا۔

سعید غنی نے کہا کہ تمام کلاسوں میں حاضری کی شرح 50٪ ہوگی جب کہ اسکولز کے تمام عملے کی ویکسی نیشن ہونا لازمی ہوگا۔

اس سے قبل 25 مارچ کو محکمہ تعلیم سندھ نے رواں سال صوبے میں امتحانات اور تعطیلات سے متعلق فیصلوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

محکمہ تعلیم سندھ نے 30 جنوری 2021 کو اسٹیئرنگ کمیٹی میں کیے گئے فیصلے کے مطابق تعلیمی سال 2021-22ء  کے امتحانات اور 2021 کے لئے تعطیلات کا شیڈیول تیار کیا۔

شیڈول کے مطابق نرسری سے پانچویں تک کے امتحانات 7 جون 2021 کو ہوں گے جبکہ نتائج کا اعلان 26 جون کو کیا جائے گا۔ نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات یکم جولائی سے شروع ہوں گے اور 15 جولائی تک جاری رہیں گے۔ گیارہویں اور بارہویں جماعت میں امتحانات 28 جولائی سے شروع ہوں گے اور 16 اگست تک جاری رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: ملک میں 5 سے 16 سال کی عمر کے 32 فیصد بچے اسکول نہیں جاتے: ادارہ شماریات

نوٹیفکیشن کے مطابق، امتحانات صبح اور شام کی دو شفٹوں میں ہوں گے، جبکہ ان کا انعقاد ہفتہ کو بھی ہوگا۔ کلاس X کے امتحانات کے نتائج کا اعلان 15 ستمبر 2021 کو کیا جائے گا اور نویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کلاس X کے نتائج کے اعلان کے 60 دن بعد کیا جائے گا۔

بارہویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کا اعلان 15 اکتوبر 2021 کو کیا جائے گا جبکہ گیارویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کا اعلان بارہویں جماعت کے نتائج کے اعلان کے 60 دن بعد کیا جائیگا۔

جبکہ گرمیوں کی تعطیلات 1 جولائی 2021 سے 31 جولائی 2021 تک ایک مہینہ ہوں گی۔

مزید خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button