کیا 7 جون سے سندھ میں اسکول کھل رہے ہیں؟

متعدد اسکولوں نے والدین کو 7 جون سے اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے کو کہا ہے

ویب ڈیسک: 7 جون میں اب صرف تین دن باقی ہیں، لیکن تاحال اس بات کا فیصلہ نہیں ہوسکا کہ 7 جون کو سندھ بھر میں اسکول دوبارہ کھلیں گے یا نہیں، اس بارے میں عوام میں الجھنیں باقی ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی ایک یا دو دن میں اس معاملے پر کوئی حتمی فیصلہ سنائے گی۔دوسری طرف، متعدد اسکولوں نے والدین کو 7 جون سے اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے کو کہا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے گذشتہ ماہ صوبوں سے کہا تھا کہ وہ ان اضلاع میں تعلیمی اداروں کو دوبارہ نہ کھولنے دیں، جہاں کورونا کی کیسز اب بھی زیادہ ہیں۔

این سی او سی نے صوبوں کو بھیجے گئے ایک خط میں کہا تھا کہ جن اضلاع میں کورونا وائرس پوزیٹییو تناسب زیادہ ہے وہاں تعلیمی ادارے 6 جون تک بند رکھے جائیں۔

این سی او سی نے صوبوں کو بھیجے گئے ایک نوٹیفکیشن میں کہا تھا ، "ان اضلاع میں جہاں انفیکشن کی شرح 5 فیصد سے کم ہے، وہاں وہ تعلیمی ادارے 24 مئی سے دوبارہ کھولے جاسکتے ہیں۔

وزیر صحت سندہ کا بیان

تاہم، جمعرات کے روز وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ صوبائی حکومت اس وقت تک اسکولوں کو دوبارہ نہیں کھولے گی جب تک کہ اس بات کا یقین نہیں ہوجاتا کہ کورونا وائرس کے کیسز میں کمی واقع ہو رہی ہے۔

"اسکول تب تک بند رہیں گے جب تک کہ ہم (سندھ حکومت) کو یقین نہیں آجائے گا کہ (کورونا وائرس کے کیسز) کی تعداد کم ہو رہی ہے اور اس میں اضافہ نہیں ہوگا۔”

پیچوہو نے کہا تھا کہ حکومت کی کوششوں کے باوجود بھی لوگ خود بھی کورونا ویکسین لگوانے سے ہچکچارہے ہیں۔

ڈاکٹر پیچوہو نے بتایا کہ "کراچی میں کورونا وائرس کا مثبت تناسب اب بھی 11 فیصد سے اوپر ہے۔

"اسپتالوں میں اب بھی کورونا وائرس کے مثبت مریض مل رہے ہیں۔”

اس وقت سندھ بھر میں موجود کوویڈ 19 پابندیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے، ڈاکٹر پیچوہو نے کہا تھا کہ پابندیاں اس وقت کم کی جائینگی جب لوگ ویکسین لگوانا شروع کردیں گے۔

"تیس اور اس سے اوپر کی عمر کے افراد اب واک ان ویکسینیشن مراکز میں جاسکتے ہیں، جبکہ اب 19 سے 29 سال کی عمر کے افراد کو اس ویکسین کے لئے رجسٹریشن کرانا ہوگی۔”

پنجاب میں 7 جون سے اسکول کھل جائینگے

پنجاب بھر میں نجی و سرکاری اسکولز 7 جون سے مکمل کھل جائیں گے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر کے نجی و سرکاری اسکولوں میں پہلی سے نویں جماعت تک کلاسز کا آغاز 7 جون سے ہوگا اور کلاسز 50 فیصد حاضری کے ساتھ ہوں گی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ کوئی طالب علم لگا تار 2 دن اسکول نہیں آئے گا، کلاسز کے دوران کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد لازمی ہوگا۔ واضح رہےکہ پنجاب میں میٹرک اور انٹر کی کلاسز پہلے ہی 31 مئی سے کھل چکی ہیں۔

مزید خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button